ترجمہ: سورۃ الشعراء (شاعر) سُورَة الشعراء
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
الله کے نام سے جو بڑا مہربان، نہایت رحم کرنے والا ہے۔
طسم ١
طٰسٓمٓ (۱)
تِلْكَ آيَاتُ الْكِتَابِ الْمُبِينِ ٢
یہ کتاب روشن کی آیتیں ہیں (۲)
لَعَلَّكَ بَاخِعٌ نَفْسَكَ أَلَّا يَكُونُوا مُؤْمِنِينَ ٣
(اے پیغمبرﷺ) شاید تم اس (رنج) سے کہ یہ لوگ ایمان نہیں لاتے اپنے تئیں ہلاک کردو گے (۳)
إِنْ نَشَأْ نُنَزِّلْ عَلَيْهِمْ مِنَ السَّمَاءِ آيَةً فَظَلَّتْ أَعْنَاقُهُمْ لَهَا خَاضِعِينَ ٤
اگر ہم چاہیں تو ان پر آسمان سے نشانی اُتار دیں۔ پھر ان کی گردنیں اس کے آگے جھک جائیں (۴)
وَمَا يَأْتِيهِمْ مِنْ ذِكْرٍ مِنَ الرَّحْمَٰنِ مُحْدَثٍ إِلَّا كَانُوا عَنْهُ مُعْرِضِينَ ٥
اور ان کے پاس (خدائے) رحمٰن کی طرف سے کوئی نصیحت نہیں آتی مگر یہ اس سے منہ پھیر لیتے ہیں (۵)
فَقَدْ كَذَّبُوا فَسَيَأْتِيهِمْ أَنْبَاءُ مَا كَانُوا بِهِ يَسْتَهْزِئُونَ ٦
سو یہ تو جھٹلا چکے اب ان کو اس چیز کی حقیقت معلوم ہوگی جس کی ہنسی اُڑاتے تھے (۶)
أَوَلَمْ يَرَوْا إِلَى الْأَرْضِ كَمْ أَنْبَتْنَا فِيهَا مِنْ كُلِّ زَوْجٍ كَرِيمٍ ٧
کیا انہوں نے زمین کی طرف نہیں دیکھا کہ ہم نے اس میں ہر قسم کی کتنی نفیس چیزیں اُگائی ہیں (۷)
إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَةً ۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُمْ مُؤْمِنِينَ ٨
کچھ شک نہیں کہ اس میں (قدرت خدا کی) نشانی ہے مگر یہ اکثر ایمان لانے والے نہیں ہیں (۸)
وَإِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ الْعَزِيزُ الرَّحِيمُ ٩
اور تمہارا پروردگار غالب (اور) مہربان ہے (۹)
وَإِذْ نَادَىٰ رَبُّكَ مُوسَىٰ أَنِ ائْتِ الْقَوْمَ الظَّالِمِينَ ١٠
اور جب تمہارے پروردگار نے موسیٰ کو پکارا کہ ظالم لوگوں کے پاس جاؤ (۱۰)
قَوْمَ فِرْعَوْنَ ۚ أَلَا يَتَّقُونَ ١١
(یعنی) قوم فرعون کے پاس، کیا یہ ڈرتے نہیں (۱۱)
قَالَ رَبِّ إِنِّي أَخَافُ أَنْ يُكَذِّبُونِ ١٢
انہوں نے کہا کہ میرے پروردگار میں ڈرتا ہوں کہ یہ مجھے جھوٹا سمجھیں (۱۲)
وَيَضِيقُ صَدْرِي وَلَا يَنْطَلِقُ لِسَانِي فَأَرْسِلْ إِلَىٰ هَارُونَ ١٣
اور میرا دل تنگ ہوتا ہے اور میری زبان رکتی ہے تو ہارون کو حکم بھیج کہ میرے ساتھ چلیں (۱۳)
وَلَهُمْ عَلَيَّ ذَنْبٌ فَأَخَافُ أَنْ يَقْتُلُونِ ١٤
اور ان لوگوں کا مجھ پر ایک گناہ (یعنی قبطی کے خون کا دعویٰ) بھی ہے سو مجھے یہ بھی خوف ہے کہ مجھ کو مار ہی ڈالیں (۱۴)
قَالَ كَلَّا ۖ فَاذْهَبَا بِآيَاتِنَا ۖ إِنَّا مَعَكُمْ مُسْتَمِعُونَ ١٥
فرمایا ہرگز نہیں۔ تم دونوں ہماری نشانیاں لے کر جاؤ ہم تمہارے ساتھ سننے والے ہیں (۱۵)
فَأْتِيَا فِرْعَوْنَ فَقُولَا إِنَّا رَسُولُ رَبِّ الْعَالَمِينَ ١٦
تو دونوں فرعون کے پاس جاؤ اور کہو کہ ہم تمام جہان کے مالک کے بھیجے ہوئے ہیں (۱۶)
أَنْ أَرْسِلْ مَعَنَا بَنِي إِسْرَائِيلَ ١٧
(اور اس لئے آئے ہیں) کہ آپ بنی اسرائیل کو ہمارے ساتھ جانے کی اجازت دیں (۱۷)
قَالَ أَلَمْ نُرَبِّكَ فِينَا وَلِيدًا وَلَبِثْتَ فِينَا مِنْ عُمُرِكَ سِنِينَ ١٨
(فرعون نے موسیٰ سے کہا) کیا ہم نے تم کو کہ ابھی بچّے تھے پرورش نہیں کیا اور تم نے برسوں ہمارے ہاں عمر بسر (نہیں) کی (۱۸)
وَفَعَلْتَ فَعْلَتَكَ الَّتِي فَعَلْتَ وَأَنْتَ مِنَ الْكَافِرِينَ ١٩
اور تم نے وہ کام کیا تھا جو کیا اور تم ناشکرے معلوم ہوتے ہو (۱۹)
قَالَ فَعَلْتُهَا إِذًا وَأَنَا مِنَ الضَّالِّينَ ٢٠
(موسیٰ نے) کہاں (ہاں) وہ حرکت مجھ سے ناگہاں سرزد ہوئی تھی اور میں خطا کاروں میں تھا (۲۰)
فَفَرَرْتُ مِنْكُمْ لَمَّا خِفْتُكُمْ فَوَهَبَ لِي رَبِّي حُكْمًا وَجَعَلَنِي مِنَ الْمُرْسَلِينَ ٢١
تو جب مجھے تم سے ڈر لگا تو تم میں سے بھاگ گیا۔ پھر خدا نے مجھ کو نبوت وعلم بخشا اور مجھے پیغمبروں میں سے کیا (۲۱)
وَتِلْكَ نِعْمَةٌ تَمُنُّهَا عَلَيَّ أَنْ عَبَّدْتَ بَنِي إِسْرَائِيلَ ٢٢
اور (کیا) یہی احسان ہے جو آپ مجھ پر رکھتے ہیں کہ آپ نے بنی اسرائیل کو غلام بنا رکھا ہے (۲۲)
قَالَ فِرْعَوْنُ وَمَا رَبُّ الْعَالَمِينَ ٢٣
فرعون نے کہا کہ تمام جہان مالک کیا (۲۳)
قَالَ رَبُّ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَمَا بَيْنَهُمَا ۖ إِنْ كُنْتُمْ مُوقِنِينَ ٢٤
کہا کہ آسمانوں اور زمین اور جو کچھ ان دونوں میں ہے سب کا مالک۔ بشرطیکہ تم لوگوں کو یقین ہو (۲۴)
قَالَ لِمَنْ حَوْلَهُ أَلَا تَسْتَمِعُونَ ٢٥
فرعون نے اپنے اہالی موالی سے کہا کہ کیا تم سنتے نہیں (۲۵)
قَالَ رَبُّكُمْ وَرَبُّ آبَائِكُمُ الْأَوَّلِينَ ٢٦
(موسیٰ نے) کہا کہ تمہارا اور تمہارے پہلے باپ دادا کا مالک (۲۶)
قَالَ إِنَّ رَسُولَكُمُ الَّذِي أُرْسِلَ إِلَيْكُمْ لَمَجْنُونٌ ٢٧
(فرعون نے) کہا کہ (یہ) پیغمبر جو تمہاری طرف بھیجا گیا ہے باؤلا ہے (۲۷)
قَالَ رَبُّ الْمَشْرِقِ وَالْمَغْرِبِ وَمَا بَيْنَهُمَا ۖ إِنْ كُنْتُمْ تَعْقِلُونَ ٢٨
موسیٰ نے کہا کہ مشرق اور مغرب اور جو کچھ ان دونوں میں ہے سب کا مالک، بشرطیکہ تم کو سمجھ ہو (۲۸)
قَالَ لَئِنِ اتَّخَذْتَ إِلَٰهًا غَيْرِي لَأَجْعَلَنَّكَ مِنَ الْمَسْجُونِينَ ٢٩
(فرعون نے) کہا کہ اگر تم نے میرے سوا کسی اور کو معبود بنایا تو میں تمہیں قید کردوں گا (۲۹)
قَالَ أَوَلَوْ جِئْتُكَ بِشَيْءٍ مُبِينٍ ٣٠
(موسیٰ نے) کہا خواہ میں آپ کے پاس روشن چیز لاؤں (یعنی معجزہ) (۳۰)
قَالَ فَأْتِ بِهِ إِنْ كُنْتَ مِنَ الصَّادِقِينَ ٣١
فرعون نے کہا اگر سچے ہو تو اسے لاؤ (دکھاؤ) (۳۱)
فَأَلْقَىٰ عَصَاهُ فَإِذَا هِيَ ثُعْبَانٌ مُبِينٌ ٣٢
پس انہوں نے اپنی لاٹھی ڈالی تو وہ اسی وقت صریح اژدہا بن گئی (۳۲)
وَنَزَعَ يَدَهُ فَإِذَا هِيَ بَيْضَاءُ لِلنَّاظِرِينَ ٣٣
اور اپنا ہاتھ نکالا تو اسی دم دیکھنے والوں کے لئے سفید (براق نظر آنے لگا) (۳۳)
قَالَ لِلْمَلَإِ حَوْلَهُ إِنَّ هَٰذَا لَسَاحِرٌ عَلِيمٌ ٣٤
فرعون نے اپنے گرد کے سرداروں سے کہا کہ یہ تو کامل فن جادوگر ہے (۳۴)
يُرِيدُ أَنْ يُخْرِجَكُمْ مِنْ أَرْضِكُمْ بِسِحْرِهِ فَمَاذَا تَأْمُرُونَ ٣٥
چاہتا ہے کہ تم کو اپنے جادو (کے زور) سے تمہارے ملک سے نکال دے تو تمہاری کیا رائے ہے؟ (۳۵)
قَالُوا أَرْجِهْ وَأَخَاهُ وَابْعَثْ فِي الْمَدَائِنِ حَاشِرِينَ ٣٦
انہوں نے کہا کہ اسے اور اس کے بھائی (کے بارے) میں کچھ توقف کیجیئے اور شہروں میں ہرکارے بھیج دیجیئے (۳۶)
يَأْتُوكَ بِكُلِّ سَحَّارٍ عَلِيمٍ ٣٧
کہ سب ماہر جادوگروں کو (جمع کرکے) آپ کے پاس لے آئیں (۳۷)
فَجُمِعَ السَّحَرَةُ لِمِيقَاتِ يَوْمٍ مَعْلُومٍ ٣٨
تو جادوگر ایک مقررہ دن کی میعاد پر جمع ہوگئے (۳۸)
وَقِيلَ لِلنَّاسِ هَلْ أَنْتُمْ مُجْتَمِعُونَ ٣٩
اور لوگوں سے کہہ دیا گیا کہ تم (سب) کو اکھٹے ہو کر جانا چاہیئے (۳۹)
لَعَلَّنَا نَتَّبِعُ السَّحَرَةَ إِنْ كَانُوا هُمُ الْغَالِبِينَ ٤٠
تاکہ اگر جادوگر غالب رہیں تو ہم ان کے پیرو ہوجائیں (۴۰)
فَلَمَّا جَاءَ السَّحَرَةُ قَالُوا لِفِرْعَوْنَ أَئِنَّ لَنَا لَأَجْرًا إِنْ كُنَّا نَحْنُ الْغَالِبِينَ ٤١
جب جادوگر آگئے تو فرعون سے کہنے لگے اگر ہم غالب رہے تو ہمیں صلہ بھی عطا ہوگا؟ (۴۱)
قَالَ نَعَمْ وَإِنَّكُمْ إِذًا لَمِنَ الْمُقَرَّبِينَ ٤٢
فرعون نے کہا ہاں اور تم مقربوں میں بھی داخل کرلئے جاؤ گے (۴۲)
قَالَ لَهُمْ مُوسَىٰ أَلْقُوا مَا أَنْتُمْ مُلْقُونَ ٤٣
موسیٰ نے ان سے کہا کہ جو چیز ڈالنی چاہتے ہو، ڈالو (۴۳)
فَأَلْقَوْا حِبَالَهُمْ وَعِصِيَّهُمْ وَقَالُوا بِعِزَّةِ فِرْعَوْنَ إِنَّا لَنَحْنُ الْغَالِبُونَ ٤٤
تو انہوں نے اپنی رسیاں اور لاٹھیاں ڈالیں اور کہنے لگے کہ فرعون کے اقبال کی قسم ہم ضرور غالب رہیں گے (۴۴)
فَأَلْقَىٰ مُوسَىٰ عَصَاهُ فَإِذَا هِيَ تَلْقَفُ مَا يَأْفِكُونَ ٤٥
پھر موسیٰ نے اپنی لاٹھی ڈالی تو وہ ان چیزوں کو جو جادوگروں نے بنائی تھیں یکایک نگلنے لگی (۴۵)
فَأُلْقِيَ السَّحَرَةُ سَاجِدِينَ ٤٦
تب جادوگر سجدے میں گر پڑے (۴۶)
قَالُوا آمَنَّا بِرَبِّ الْعَالَمِينَ ٤٧
(اور) کہنے لگے کہ ہم تمام جہان کے مالک پر ایمان لے آئے (۴۷)
رَبِّ مُوسَىٰ وَهَارُونَ ٤٨
جو موسیٰ اور ہارون کا مالک ہے (۴۸)
قَالَ آمَنْتُمْ لَهُ قَبْلَ أَنْ آذَنَ لَكُمْ ۖ إِنَّهُ لَكَبِيرُكُمُ الَّذِي عَلَّمَكُمُ السِّحْرَ فَلَسَوْفَ تَعْلَمُونَ ۚ لَأُقَطِّعَنَّ أَيْدِيَكُمْ وَأَرْجُلَكُمْ مِنْ خِلَافٍ وَلَأُصَلِّبَنَّكُمْ أَجْمَعِينَ ٤٩
فرعون نے کہا کیا اس سے پہلے کہ میں تم کو اجازت دوں تم اس پر ایمان لے آئے، بےشک یہ تمہارا بڑا ہے جس نے تم کو جادو سکھایا ہے۔ سو عنقریب تم (اس کا انجام) معلوم کرلو گے کہ میں تمہارے ہاتھ اور پاؤں اطراف مخالف سے کٹوا دوں گا اور تم سب کو سولی پر چڑھوا دوں گا (۴۹)
قَالُوا لَا ضَيْرَ ۖ إِنَّا إِلَىٰ رَبِّنَا مُنْقَلِبُونَ ٥٠
انہوں نے کہا کہ کچھ نقصان (کی بات) نہیں ہم اپنے پروردگار کی طرف لوٹ جانے والے ہیں (۵۰)
إِنَّا نَطْمَعُ أَنْ يَغْفِرَ لَنَا رَبُّنَا خَطَايَانَا أَنْ كُنَّا أَوَّلَ الْمُؤْمِنِينَ ٥١
ہمیں امید ہے کہ ہمارا پروردگار ہمارے گناہ بخش دے گا۔ اس لئے کہ ہم اول ایمان لانے والوں میں ہیں (۵۱)
وَأَوْحَيْنَا إِلَىٰ مُوسَىٰ أَنْ أَسْرِ بِعِبَادِي إِنَّكُمْ مُتَّبَعُونَ ٥٢
اور ہم نے موسیٰ کی طرف وحی بھیجی کہ ہمارے بندوں کو رات کو لے نکلو کہ (فرعونیوں کی طرف سے) تمہارا تعاقب کیا جائے گا (۵۲)
فَأَرْسَلَ فِرْعَوْنُ فِي الْمَدَائِنِ حَاشِرِينَ ٥٣
تو فرعون نے شہروں میں نقیب راونہ کئے (۵۳)
إِنَّ هَٰؤُلَاءِ لَشِرْذِمَةٌ قَلِيلُونَ ٥٤
(اور کہا) کہ یہ لوگ تھوڑی سی جماعت ہے (۵۴)
وَإِنَّهُمْ لَنَا لَغَائِظُونَ ٥٥
اور یہ ہمیں غصہ دلا رہے ہیں (۵۵)
وَإِنَّا لَجَمِيعٌ حَاذِرُونَ ٥٦
اور ہم سب باسازو سامان ہیں (۵۶)
فَأَخْرَجْنَاهُمْ مِنْ جَنَّاتٍ وَعُيُونٍ ٥٧
تو ہم نے ان کو باغوں اور چشموں سے نکال دیا (۵۷)
وَكُنُوزٍ وَمَقَامٍ كَرِيمٍ ٥٨
اور خزانوں اور نفیس مکانات سے (۵۸)
كَذَٰلِكَ وَأَوْرَثْنَاهَا بَنِي إِسْرَائِيلَ ٥٩
(ان کے ساتھ ہم نے) اس طرح (کیا) اور ان چیزوں کا وارث بنی اسرائیل کو کر دیا (۵۹)
فَأَتْبَعُوهُمْ مُشْرِقِينَ ٦٠
تو انہوں نے سورج نکلتے (یعنی صبح کو) ان کا تعاقب کیا (۶۰)
فَلَمَّا تَرَاءَى الْجَمْعَانِ قَالَ أَصْحَابُ مُوسَىٰ إِنَّا لَمُدْرَكُونَ ٦١
جب دونوں جماعتیں آمنے سامنے ہوئیں تو موسیٰ کے ساتھی کہنے لگے کہ ہم تو پکڑ لئے گئے (۶۱)
قَالَ كَلَّا ۖ إِنَّ مَعِيَ رَبِّي سَيَهْدِينِ ٦٢
موسیٰ نے کہا ہرگز نہیں میرا پروردگار میرے ساتھ ہے وہ مجھے رستہ بتائے گا (۶۲)
فَأَوْحَيْنَا إِلَىٰ مُوسَىٰ أَنِ اضْرِبْ بِعَصَاكَ الْبَحْرَ ۖ فَانْفَلَقَ فَكَانَ كُلُّ فِرْقٍ كَالطَّوْدِ الْعَظِيمِ ٦٣
اس وقت ہم نے موسیٰ کی طرف وحی بھیجی کہ اپنی لاٹھی دریا پر مارو۔ تو دریا پھٹ گیا۔ اور ہر ایک ٹکڑا (یوں) ہوگیا (کہ) گویا بڑا پہاڑ (ہے) (۶۳)
وَأَزْلَفْنَا ثَمَّ الْآخَرِينَ ٦٤
اور دوسروں کو وہاں ہم نے قریب کردیا (۶۴)
وَأَنْجَيْنَا مُوسَىٰ وَمَنْ مَعَهُ أَجْمَعِينَ ٦٥
اور موسیٰ اور ان کے ساتھ والوں کو تو بچا لیا (۶۵)
ثُمَّ أَغْرَقْنَا الْآخَرِينَ ٦٦
پھر دوسروں کو ڈبو دیا (۶۶)
إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَةً ۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُمْ مُؤْمِنِينَ ٦٧
بےشک اس (قصے) میں نشانی ہے۔ لیکن یہ اکثر ایمان لانے والے نہیں (۶۷)
وَإِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ الْعَزِيزُ الرَّحِيمُ ٦٨
اور تمہارا پروردگار تو غالب (اور) مہربان ہے (۶۸)
وَاتْلُ عَلَيْهِمْ نَبَأَ إِبْرَاهِيمَ ٦٩
اور ان کو ابراہیم کا حال پڑھ کر سنا دو (۶۹)
إِذْ قَالَ لِأَبِيهِ وَقَوْمِهِ مَا تَعْبُدُونَ ٧٠
جب انہوں نے اپنے باپ اور اپنی قوم کے لوگوں سے کہا کہ تم کس چیز کو پوجتے ہو (۷۰)
قَالُوا نَعْبُدُ أَصْنَامًا فَنَظَلُّ لَهَا عَاكِفِينَ ٧١
وہ کہنے لگے کہ ہم بتوں کو پوجتے ہیں اور ان کی پوجا پر قائم ہیں (۷۱)
قَالَ هَلْ يَسْمَعُونَكُمْ إِذْ تَدْعُونَ ٧٢
ابراہیم نے کہا کہ جب تم ان کو پکارتے ہو تو کیا وہ تمہاری آواز کو سنتے ہیں؟ (۷۲)
أَوْ يَنْفَعُونَكُمْ أَوْ يَضُرُّونَ ٧٣
یا تمہیں کچھ فائدے دے سکتے یا نقصان پہنچا سکتے ہیں؟ (۷۳)
قَالُوا بَلْ وَجَدْنَا آبَاءَنَا كَذَٰلِكَ يَفْعَلُونَ ٧٤
انہوں نے کہا (نہیں) بلکہ ہم نے اپنے باپ دادا کو اسی طرح کرتے دیکھا ہے (۷۴)
قَالَ أَفَرَأَيْتُمْ مَا كُنْتُمْ تَعْبُدُونَ ٧٥
ابراہیم نے کہا کیا تم نے دیکھا کہ جن کو تم پوجتے رہے ہو (۷۵)
أَنْتُمْ وَآبَاؤُكُمُ الْأَقْدَمُونَ ٧٦
تم بھی اور تمہارے اگلے باپ دادا بھی (۷۶)
فَإِنَّهُمْ عَدُوٌّ لِي إِلَّا رَبَّ الْعَالَمِينَ ٧٧
وہ میرے دشمن ہیں۔ مگر خدائے رب العالمین (میرا دوست ہے) (۷۷)
الَّذِي خَلَقَنِي فَهُوَ يَهْدِينِ ٧٨
جس نے مجھے پیدا کیا ہے اور وہی مجھے رستہ دکھاتا ہے (۷۸)
وَالَّذِي هُوَ يُطْعِمُنِي وَيَسْقِينِ ٧٩
اور وہ جو مجھے کھلاتا اور پلاتا ہے (۷۹)
وَإِذَا مَرِضْتُ فَهُوَ يَشْفِينِ ٨٠
اور جب میں بیمار پڑتا ہوں تو مجھے شفا بخشتا ہے (۸۰)
وَالَّذِي يُمِيتُنِي ثُمَّ يُحْيِينِ ٨١
اور جو مجھے مارے گا اور پھر زندہ کرے گا (۸۱)
وَالَّذِي أَطْمَعُ أَنْ يَغْفِرَ لِي خَطِيئَتِي يَوْمَ الدِّينِ ٨٢
اور وہ جس سے میں امید رکھتا ہوں کہ قیامت کے دن میرے گناہ بخشے گا (۸۲)
رَبِّ هَبْ لِي حُكْمًا وَأَلْحِقْنِي بِالصَّالِحِينَ ٨٣
اے پروردگار مجھے علم ودانش عطا فرما اور نیکوکاروں میں شامل کر (۸۳)
وَاجْعَلْ لِي لِسَانَ صِدْقٍ فِي الْآخِرِينَ ٨٤
اور پچھلے لوگوں میں میرا ذکر نیک (جاری) کر (۸۴)
وَاجْعَلْنِي مِنْ وَرَثَةِ جَنَّةِ النَّعِيمِ ٨٥
اور مجھے نعمت کی بہشت کے وارثوں میں کر (۸۵)
وَاغْفِرْ لِأَبِي إِنَّهُ كَانَ مِنَ الضَّالِّينَ ٨٦
اور میرے باپ کو بخش دے کہ وہ گمراہوں میں سے ہے (۸۶)
وَلَا تُخْزِنِي يَوْمَ يُبْعَثُونَ ٨٧
اور جس دن لوگ اٹھا کھڑے کئے جائیں گے مجھے رسوا نہ کیجیو (۸۷)
يَوْمَ لَا يَنْفَعُ مَالٌ وَلَا بَنُونَ ٨٨
جس دن نہ مال ہی کچھ فائدہ دے سکا گا اور نہ بیٹے (۸۸)
إِلَّا مَنْ أَتَى اللَّهَ بِقَلْبٍ سَلِيمٍ ٨٩
ہاں جو شخص خدا کے پاس پاک دل لے کر آیا (وہ بچ جائے گا) (۸۹)
وَأُزْلِفَتِ الْجَنَّةُ لِلْمُتَّقِينَ ٩٠
اور بہشت پرہیزگاروں کے قریب کردی جائے گی (۹۰)
وَبُرِّزَتِ الْجَحِيمُ لِلْغَاوِينَ ٩١
اور دوزخ گمراہوں کے سامنے لائی جائے گی (۹۱)
وَقِيلَ لَهُمْ أَيْنَ مَا كُنْتُمْ تَعْبُدُونَ ٩٢
اور ان سے کہا جائے گا کہ جن کو تم پوجتے تھے وہ کہاں ہیں؟ (۹۲)
مِنْ دُونِ اللَّهِ هَلْ يَنْصُرُونَكُمْ أَوْ يَنْتَصِرُونَ ٩٣
یعنی جن کو خدا کے سوا (پوجتے تھے) کیا وہ تمہاری مدد کرسکتے ہیں یا خود بدلہ لے سکتے ہیں (۹۳)
فَكُبْكِبُوا فِيهَا هُمْ وَالْغَاوُونَ ٩٤
تو وہ اور گمراہ (یعنی بت اور بت پرست) اوندھے منہ دوزخ میں ڈال دیئے جائیں گے (۹۴)
وَجُنُودُ إِبْلِيسَ أَجْمَعُونَ ٩٥
اور شیطان کے لشکر سب کے سب (داخل جہنم ہوں گے) (۹۵)
قَالُوا وَهُمْ فِيهَا يَخْتَصِمُونَ ٩٦
وہ آپس میں جھگڑیں گے اور کہیں گے (۹۶)
تَاللَّهِ إِنْ كُنَّا لَفِي ضَلَالٍ مُبِينٍ ٩٧
کہ خدا کی قسم ہم تو صریح گمراہی میں تھے (۹۷)
إِذْ نُسَوِّيكُمْ بِرَبِّ الْعَالَمِينَ ٩٨
جب کہ تمہیں (خدائے) رب العالمین کے برابر ٹھہراتے تھے (۹۸)
وَمَا أَضَلَّنَا إِلَّا الْمُجْرِمُونَ ٩٩
اور ہم کو ان گنہگاروں ہی نے گمراہ کیا تھا (۹۹)
فَمَا لَنَا مِنْ شَافِعِينَ ١٠٠
تو (آج) نہ کوئی ہمارا سفارش کرنے والا ہے (۱۰۰)
وَلَا صَدِيقٍ حَمِيمٍ ١٠١
اور نہ گرم جوش دوست (۱۰۱)
فَلَوْ أَنَّ لَنَا كَرَّةً فَنَكُونَ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ ١٠٢
کاش ہمیں (دنیا میں) پھر جانا ہو تم ہم مومنوں میں ہوجائیں (۱۰۲)
إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَةً ۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُمْ مُؤْمِنِينَ ١٠٣
بےشک اس میں نشانی ہے اور ان میں اکثر ایمان لانے والے نہیں (۱۰۳)
وَإِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ الْعَزِيزُ الرَّحِيمُ ١٠٤
اور تمہارا پروردگار تو غالب اور مہربان ہے (۱۰۴)
كَذَّبَتْ قَوْمُ نُوحٍ الْمُرْسَلِينَ ١٠٥
قوم نوح نے بھی پیغمبروں کو جھٹلایا (۱۰۵)
إِذْ قَالَ لَهُمْ أَخُوهُمْ نُوحٌ أَلَا تَتَّقُونَ ١٠٦
جب ان سے ان کے بھائی نوح نے کہا کہ تم ڈرتے کیوں نہیں (۱۰۶)
إِنِّي لَكُمْ رَسُولٌ أَمِينٌ ١٠٧
میں تو تمہارا امانت دار ہوں (۱۰۷)
فَاتَّقُوا اللَّهَ وَأَطِيعُونِ ١٠٨
تو خدا سے ڈرو اور میرا کہا مانو (۱۰۸)
وَمَا أَسْأَلُكُمْ عَلَيْهِ مِنْ أَجْرٍ ۖ إِنْ أَجْرِيَ إِلَّا عَلَىٰ رَبِّ الْعَالَمِينَ ١٠٩
اور اس کام کا تم سے کچھ صلہ نہیں مانگتا۔ میرا صلہ تو خدائے رب العالمین ہی پر ہے (۱۰۹)
فَاتَّقُوا اللَّهَ وَأَطِيعُونِ ١١٠
تو خدا سے ڈرو اور میرے کہنے پر چلو (۱۱۰)
قَالُوا أَنُؤْمِنُ لَكَ وَاتَّبَعَكَ الْأَرْذَلُونَ ١١١
وہ بولے کہ کیا ہم تم کو مان لیں اور تمہارے پیرو تو رذیل لوگ ہوتے ہیں (۱۱۱)
قَالَ وَمَا عِلْمِي بِمَا كَانُوا يَعْمَلُونَ ١١٢
نوح نے کہا کہ مجھے کیا معلوم کہ وہ کیا کرتے ہیں (۱۱۲)
إِنْ حِسَابُهُمْ إِلَّا عَلَىٰ رَبِّي ۖ لَوْ تَشْعُرُونَ ١١٣
ان کا حساب (اعمال) میرے پروردگار کے ذمے ہے کاش تم سمجھو (۱۱۳)
وَمَا أَنَا بِطَارِدِ الْمُؤْمِنِينَ ١١٤
اور میں مومنوں کو نکال دینے والا نہیں ہوں (۱۱۴)
إِنْ أَنَا إِلَّا نَذِيرٌ مُبِينٌ ١١٥
میں تو صرف کھول کھول کر نصیحت کرنے والا ہوں (۱۱۵)
قَالُوا لَئِنْ لَمْ تَنْتَهِ يَا نُوحُ لَتَكُونَنَّ مِنَ الْمَرْجُومِينَ ١١٦
انہوں نے کہا کہ نوح اگر تم باز نہ آؤ گے تو سنگسار کردیئے جاؤ گے (۱۱۶)
قَالَ رَبِّ إِنَّ قَوْمِي كَذَّبُونِ ١١٧
نوح نے کہا کہ پروردگار میری قوم نے تو مجھے جھٹلا دیا (۱۱۷)
فَافْتَحْ بَيْنِي وَبَيْنَهُمْ فَتْحًا وَنَجِّنِي وَمَنْ مَعِيَ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ ١١٨
سو تو میرے اور ان کے درمیان ایک کھلا فیصلہ کردے اور مجھے اور جو میرے ساتھ ہیں ان کو بچا لے (۱۱۸)
فَأَنْجَيْنَاهُ وَمَنْ مَعَهُ فِي الْفُلْكِ الْمَشْحُونِ ١١٩
پس ہم نے ان کو اور جو ان کے ساتھ کشتی میں سوار تھے، ان کو بچا لیا (۱۱۹)
ثُمَّ أَغْرَقْنَا بَعْدُ الْبَاقِينَ ١٢٠
پھر اس کے بعد باقی لوگوں کو ڈبو دیا (۱۲۰)
إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَةً ۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُمْ مُؤْمِنِينَ ١٢١
بےشک اس میں نشانی ہے اور ان میں اکثر ایمان لانے والے نہیں تھے (۱۲۱)
وَإِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ الْعَزِيزُ الرَّحِيمُ ١٢٢
اور تمہارا پروردگار تو غالب (اور) مہربان ہے (۱۲۲)
كَذَّبَتْ عَادٌ الْمُرْسَلِينَ ١٢٣
عاد نے بھی پیغمبروں کو جھٹلایا (۱۲۳)
إِذْ قَالَ لَهُمْ أَخُوهُمْ هُودٌ أَلَا تَتَّقُونَ ١٢٤
جب ان سے ان کے بھائی ہود نے کہا کیا تم ڈرتے نہیں (۱۲۴)
إِنِّي لَكُمْ رَسُولٌ أَمِينٌ ١٢٥
میں تو تمہارا امانت دار پیغمبر ہوں (۱۲۵)
فَاتَّقُوا اللَّهَ وَأَطِيعُونِ ١٢٦
تو خدا سے ڈرو اور میرا کہا مانو (۱۲۶)
وَمَا أَسْأَلُكُمْ عَلَيْهِ مِنْ أَجْرٍ ۖ إِنْ أَجْرِيَ إِلَّا عَلَىٰ رَبِّ الْعَالَمِينَ ١٢٧
اور میں اس کا تم سے کچھ بدلہ نہیں مانگتا۔ میرا بدلہ (خدائے) رب العالمین کے ذمے ہے (۱۲۷)
أَتَبْنُونَ بِكُلِّ رِيعٍ آيَةً تَعْبَثُونَ ١٢٨
بھلا تم ہر اونچی جگہ پر نشان تعمیر کرتے ہو (۱۲۸)
وَتَتَّخِذُونَ مَصَانِعَ لَعَلَّكُمْ تَخْلُدُونَ ١٢٩
اور محل بناتے ہو شاید تم ہمیشہ رہو گے (۱۲۹)
وَإِذَا بَطَشْتُمْ بَطَشْتُمْ جَبَّارِينَ ١٣٠
اور جب (کسی کو) پکڑتے ہو تو ظالمانہ پکڑتے ہو (۱۳۰)
فَاتَّقُوا اللَّهَ وَأَطِيعُونِ ١٣١
تو خدا سے ڈرو اور میری اطاعت کرو (۱۳۱)
وَاتَّقُوا الَّذِي أَمَدَّكُمْ بِمَا تَعْلَمُونَ ١٣٢
اور اس سے جس نے تم کو ان چیزوں سے مدد دی جن کو تم جانتے ہو۔ ڈرو (۱۳۲)
أَمَدَّكُمْ بِأَنْعَامٍ وَبَنِينَ ١٣٣
اس نے تمہیں چارپایوں اور بیٹوں سے مدد دی (۱۳۳)
وَجَنَّاتٍ وَعُيُونٍ ١٣٤
اور باغوں اور چشموں سے (۱۳۴)
إِنِّي أَخَافُ عَلَيْكُمْ عَذَابَ يَوْمٍ عَظِيمٍ ١٣٥
مجھ کو تمہارے بارے میں بڑے (سخت) دن کے عذاب کا خوف ہے (۱۳۵)
قَالُوا سَوَاءٌ عَلَيْنَا أَوَعَظْتَ أَمْ لَمْ تَكُنْ مِنَ الْوَاعِظِينَ ١٣٦
وہ کہنے لگے کہ ہمیں خواہ نصیحت کرو یا نہ کرو ہمارے لئے یکساں ہے (۱۳۶)
إِنْ هَٰذَا إِلَّا خُلُقُ الْأَوَّلِينَ ١٣٧
یہ تو اگلوں ہی کے طریق ہیں (۱۳۷)
وَمَا نَحْنُ بِمُعَذَّبِينَ ١٣٨
اور ہم پر کوئی عذاب نہیں آئے گا (۱۳۸)
فَكَذَّبُوهُ فَأَهْلَكْنَاهُمْ ۗ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَةً ۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُمْ مُؤْمِنِينَ ١٣٩
تو انہوں نے ہود کو جھٹلایا تو ہم نے ان کو ہلاک کر ڈالا۔ بےشک اس میں نشانی ہے۔ اور ان میں اکثر ایمان لانے والے نہیں تھے (۱۳۹)
وَإِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ الْعَزِيزُ الرَّحِيمُ ١٤٠
اور تمہارا پروردگار تو غالب اور مہربان ہے (۱۴۰)
كَذَّبَتْ ثَمُودُ الْمُرْسَلِينَ ١٤١
(اور) قوم ثمود نے بھی پیغمبروں کو جھٹلا دیا (۱۴۱)
إِذْ قَالَ لَهُمْ أَخُوهُمْ صَالِحٌ أَلَا تَتَّقُونَ ١٤٢
جب ان سے ان کے بھائی صالح نے کہا کہ تم ڈرتے کیوں نہیں؟ (۱۴۲)
إِنِّي لَكُمْ رَسُولٌ أَمِينٌ ١٤٣
میں تو تمہارا امانت دار ہوں (۱۴۳)
فَاتَّقُوا اللَّهَ وَأَطِيعُونِ ١٤٤
تو خدا سے ڈرو اور میرا کہا مانو (۱۴۴)
وَمَا أَسْأَلُكُمْ عَلَيْهِ مِنْ أَجْرٍ ۖ إِنْ أَجْرِيَ إِلَّا عَلَىٰ رَبِّ الْعَالَمِينَ ١٤٥
اور میں اس کا تم سے بدلہ نہیں مانگتا۔ میرا بدلہ (خدا) رب العالمین کے ذمے ہے (۱۴۵)
أَتُتْرَكُونَ فِي مَا هَاهُنَا آمِنِينَ ١٤٦
کیا وہ چیزیں (تمہیں یہاں میسر) ہیں ان میں تم بےخوف چھوڑ دیئے جاؤ گے (۱۴۶)
فِي جَنَّاتٍ وَعُيُونٍ ١٤٧
(یعنی) باغ اور چشمے (۱۴۷)
وَزُرُوعٍ وَنَخْلٍ طَلْعُهَا هَضِيمٌ ١٤٨
اور کھیتیاں اور کھجوریں جن کے خوشے لطیف ونازک ہوتے ہیں (۱۴۸)
وَتَنْحِتُونَ مِنَ الْجِبَالِ بُيُوتًا فَارِهِينَ ١٤٩
اور تکلف سے پہاڑوں میں تراش خراش کر گھر بناتے ہو (۱۴۹)
فَاتَّقُوا اللَّهَ وَأَطِيعُونِ ١٥٠
تو خدا سے ڈرو اور میرے کہنے پر چلو (۱۵۰)
وَلَا تُطِيعُوا أَمْرَ الْمُسْرِفِينَ ١٥١
اور حد سے تجاوز کرنے والوں کی بات نہ مانو (۱۵۱)
الَّذِينَ يُفْسِدُونَ فِي الْأَرْضِ وَلَا يُصْلِحُونَ ١٥٢
جو ملک میں فساد کرتے ہیں اور اصلاح نہیں کرتے (۱۵۲)
قَالُوا إِنَّمَا أَنْتَ مِنَ الْمُسَحَّرِينَ ١٥٣
وہ کہنے لگے کہ تم تو جادو زدہ ہو (۱۵۳)
مَا أَنْتَ إِلَّا بَشَرٌ مِثْلُنَا فَأْتِ بِآيَةٍ إِنْ كُنْتَ مِنَ الصَّادِقِينَ ١٥٤
تم اور کچھ نہیں ہماری طرح آدمی ہو۔ اگر سچے ہو تو کوئی نشانی پیش کرو (۱۵۴)
قَالَ هَٰذِهِ نَاقَةٌ لَهَا شِرْبٌ وَلَكُمْ شِرْبُ يَوْمٍ مَعْلُومٍ ١٥٥
صالح نے کہا (دیکھو) یہ اونٹنی ہے (ایک دن) اس کی پانی پینے کی باری ہے اور ایک معین روز تمہاری باری (۱۵۵)
وَلَا تَمَسُّوهَا بِسُوءٍ فَيَأْخُذَكُمْ عَذَابُ يَوْمٍ عَظِيمٍ ١٥٦
اور اس کو کوئی تکلیف نہ دینا (نہیں تو) تم کو سخت عذاب آ پکڑے گا (۱۵۶)
فَعَقَرُوهَا فَأَصْبَحُوا نَادِمِينَ ١٥٧
تو انہوں نے اس کی کونچیں کاٹ ڈالیں پھر نادم ہوئے (۱۵۷)
فَأَخَذَهُمُ الْعَذَابُ ۗ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَةً ۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُمْ مُؤْمِنِينَ ١٥٨
سو ان کو عذاب نے آن پکڑا۔ بےشک اس میں نشانی ہے۔ اور ان میں اکثر ایمان لانے والے نہیں تھے (۱۵۸)
وَإِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ الْعَزِيزُ الرَّحِيمُ ١٥٩
اور تمہارا پروردگار تو غالب (اور) مہربان ہے (۱۵۹)
كَذَّبَتْ قَوْمُ لُوطٍ الْمُرْسَلِينَ ١٦٠
(اور قوم) لوط نے بھی پیغمبروں کو جھٹلایا (۱۶۰)
إِذْ قَالَ لَهُمْ أَخُوهُمْ لُوطٌ أَلَا تَتَّقُونَ ١٦١
جب ان سے ان کے بھائی لوط نے کہا کہ تم کیوں نہیں ڈرتے؟ (۱۶۱)
إِنِّي لَكُمْ رَسُولٌ أَمِينٌ ١٦٢
میں تو تمہارا امانت دار پیغمبر ہوں (۱۶۲)
فَاتَّقُوا اللَّهَ وَأَطِيعُونِ ١٦٣
تو خدا سے ڈرو اور میرا کہا مانو (۱۶۳)
وَمَا أَسْأَلُكُمْ عَلَيْهِ مِنْ أَجْرٍ ۖ إِنْ أَجْرِيَ إِلَّا عَلَىٰ رَبِّ الْعَالَمِينَ ١٦٤
اور میں تم سے اس (کام) کا بدلہ نہیں مانگتا۔ میرا بدلہ (خدائے) رب العالمین کے ذمے ہے (۱۶۴)
أَتَأْتُونَ الذُّكْرَانَ مِنَ الْعَالَمِينَ ١٦٥
کیا تم اہل عالم میں سے لڑکوں پر مائل ہوتے ہو (۱۶۵)
وَتَذَرُونَ مَا خَلَقَ لَكُمْ رَبُّكُمْ مِنْ أَزْوَاجِكُمْ ۚ بَلْ أَنْتُمْ قَوْمٌ عَادُونَ ١٦٦
اور تمہارے پروردگار نے جو تمہارے لئے تمہاری بیویاں پیدا کی ہیں ان کو چھوڑ دیتے ہو۔ حقیقت یہ ہے کہ تم حد سے نکل جانے والے ہو (۱۶۶)
قَالُوا لَئِنْ لَمْ تَنْتَهِ يَا لُوطُ لَتَكُونَنَّ مِنَ الْمُخْرَجِينَ ١٦٧
وہ کہنے لگے کہ لوط اگر تم باز نہ آؤ گے تو شہر بدر کردیئے جاؤ گے (۱۶۷)
قَالَ إِنِّي لِعَمَلِكُمْ مِنَ الْقَالِينَ ١٦٨
لوط نے کہا کہ میں تمہارے کام کا سخت دشمن ہوں (۱۶۸)
رَبِّ نَجِّنِي وَأَهْلِي مِمَّا يَعْمَلُونَ ١٦٩
اے میرے پروردگار مجھ کو اور میرے گھر والوں کو ان کے کاموں (کے وبال) سے نجات دے (۱۶۹)
فَنَجَّيْنَاهُ وَأَهْلَهُ أَجْمَعِينَ ١٧٠
سو ہم نے ان کو اور ان کے گھر والوں کو سب کو نجات دی (۱۷۰)
إِلَّا عَجُوزًا فِي الْغَابِرِينَ ١٧١
مگر ایک بڑھیا کہ پیچھے رہ گئی (۱۷۱)
ثُمَّ دَمَّرْنَا الْآخَرِينَ ١٧٢
پھر ہم نے اوروں کو ہلاک کردیا (۱۷۲)
وَأَمْطَرْنَا عَلَيْهِمْ مَطَرًا ۖ فَسَاءَ مَطَرُ الْمُنْذَرِينَ ١٧٣
اور ان پر مینھہ برسایا۔ سو جو مینھہ ان (لوگوں) پر (برسا) جو ڈرائے گئے برا تھا (۱۷۳)
إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَةً ۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُمْ مُؤْمِنِينَ ١٧٤
بےشک اس میں نشانی ہے۔ اور ان میں اکثر ایمان لانے والے نہیں تھے (۱۷۴)
وَإِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ الْعَزِيزُ الرَّحِيمُ ١٧٥
اور تمہارا پروردگار تو غالب (اور) مہربان ہے۔ (۱۷۵)
كَذَّبَ أَصْحَابُ الْأَيْكَةِ الْمُرْسَلِينَ ١٧٦
اور بن کے رہنے والوں نے بھی پیغمبروں کو جھٹلایا (۱۷۶)
إِذْ قَالَ لَهُمْ شُعَيْبٌ أَلَا تَتَّقُونَ ١٧٧
جب ان سے شعیب نے کہا کہ تم ڈرتے کیوں نہیں؟ (۱۷۷)
إِنِّي لَكُمْ رَسُولٌ أَمِينٌ ١٧٨
میں تو تمہارا امانت دار پیغمبر ہوں (۱۷۸)
فَاتَّقُوا اللَّهَ وَأَطِيعُونِ ١٧٩
تو خدا سے ڈرو اور میرا کہا مانو (۱۷۹)
وَمَا أَسْأَلُكُمْ عَلَيْهِ مِنْ أَجْرٍ ۖ إِنْ أَجْرِيَ إِلَّا عَلَىٰ رَبِّ الْعَالَمِينَ ١٨٠
اور میں اس کام کا تم سے کچھ بدلہ نہیں مانگتا میرا بدلہ تو خدائے رب العالمین کے ذمے ہے (۱۸۰)
أَوْفُوا الْكَيْلَ وَلَا تَكُونُوا مِنَ الْمُخْسِرِينَ ١٨١
(دیکھو) پیمانہ پورا بھرا کرو اور نقصان نہ کیا کرو (۱۸۱)
وَزِنُوا بِالْقِسْطَاسِ الْمُسْتَقِيمِ ١٨٢
اور ترازو سیدھی رکھ کر تولا کرو (۱۸۲)
وَلَا تَبْخَسُوا النَّاسَ أَشْيَاءَهُمْ وَلَا تَعْثَوْا فِي الْأَرْضِ مُفْسِدِينَ ١٨٣
اور لوگوں کو ان کی چیزیں کم نہ دیا کرو اور ملک میں فساد نہ کرتے پھرو (۱۸۳)
وَاتَّقُوا الَّذِي خَلَقَكُمْ وَالْجِبِلَّةَ الْأَوَّلِينَ ١٨٤
اور اس سے ڈرو جس نے تم کو اور پہلی خلقت کو پیدا کیا (۱۸۴)
قَالُوا إِنَّمَا أَنْتَ مِنَ الْمُسَحَّرِينَ ١٨٥
وہ کہنے لگے کہ تم جادو زدہ ہو (۱۸۵)
وَمَا أَنْتَ إِلَّا بَشَرٌ مِثْلُنَا وَإِنْ نَظُنُّكَ لَمِنَ الْكَاذِبِينَ ١٨٦
اور تم اور کچھ نہیں ہم ہی جیسے آدمی ہو۔ اور ہمارا خیال ہے کہ تم جھوٹے ہو (۱۸۶)
فَأَسْقِطْ عَلَيْنَا كِسَفًا مِنَ السَّمَاءِ إِنْ كُنْتَ مِنَ الصَّادِقِينَ ١٨٧
اور اگر سچے ہو تو ہم پر آسمان سے ایک ٹکڑا لا کر گراؤ (۱۸۷)
قَالَ رَبِّي أَعْلَمُ بِمَا تَعْمَلُونَ ١٨٨
شعیب نے کہا کہ جو کام تم کرتے ہو میرا پروردگار اس سے خوب واقف ہے (۱۸۸)
فَكَذَّبُوهُ فَأَخَذَهُمْ عَذَابُ يَوْمِ الظُّلَّةِ ۚ إِنَّهُ كَانَ عَذَابَ يَوْمٍ عَظِيمٍ ١٨٩
تو ان لوگوں نے ان کو جھٹلایا، پس سائبان کے عذاب نے ان کو آ پکڑا۔ بےشک وہ بڑے (سخت) دن کا عذاب تھا (۱۸۹)
إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَةً ۖ وَمَا كَانَ أَكْثَرُهُمْ مُؤْمِنِينَ ١٩٠
اس میں یقیناً نشانی ہے۔ اور ان میں اکثر ایمان لانے والے نہیں تھے (۱۹۰)
وَإِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ الْعَزِيزُ الرَّحِيمُ ١٩١
اور تمہارا پروردگار تو غالب (اور) مہربان ہے (۱۹۱)
وَإِنَّهُ لَتَنْزِيلُ رَبِّ الْعَالَمِينَ ١٩٢
اور یہ قرآن (خدائے) پروردگار عالم کا اُتارا ہوا ہے (۱۹۲)
نَزَلَ بِهِ الرُّوحُ الْأَمِينُ ١٩٣
اس کو امانت دار فرشتہ لے کر اُترا ہے (۱۹۳)
عَلَىٰ قَلْبِكَ لِتَكُونَ مِنَ الْمُنْذِرِينَ ١٩٤
(یعنی اس نے) تمہارے دل پر (القا) کیا ہے تاکہ (لوگوں کو) نصیحت کرتے رہو (۱۹۴)
بِلِسَانٍ عَرَبِيٍّ مُبِينٍ ١٩٥
اور (القا بھی) فصیح عربی زبان میں (کیا ہے) (۱۹۵)
وَإِنَّهُ لَفِي زُبُرِ الْأَوَّلِينَ ١٩٦
اور اس کی خبر پہلے پیغمبروں کی کتابوں میں (لکھی ہوئی) ہے (۱۹۶)
أَوَلَمْ يَكُنْ لَهُمْ آيَةً أَنْ يَعْلَمَهُ عُلَمَاءُ بَنِي إِسْرَائِيلَ ١٩٧
کیا ان کے لئے یہ سند نہیں ہے کہ علمائے بنی اسرائیل اس (بات) کو جانتے ہیں (۱۹۷)
وَلَوْ نَزَّلْنَاهُ عَلَىٰ بَعْضِ الْأَعْجَمِينَ ١٩٨
اور اگر ہم اس کو کسی غیر اہل زبان پر اُتارتے (۱۹۸)
فَقَرَأَهُ عَلَيْهِمْ مَا كَانُوا بِهِ مُؤْمِنِينَ ١٩٩
اور وہ اسے ان (لوگوں کو) پڑھ کر سناتا تو یہ اسے (کبھی) نہ مانتے (۱۹۹)
كَذَٰلِكَ سَلَكْنَاهُ فِي قُلُوبِ الْمُجْرِمِينَ ٢٠٠
اسی طرح ہم نے انکار کو گنہگاروں کے دلوں میں داخل کردیا (۲۰۰)
لَا يُؤْمِنُونَ بِهِ حَتَّىٰ يَرَوُا الْعَذَابَ الْأَلِيمَ ٢٠١
وہ جب تک درد دینے والا عذاب نہ دیکھ لیں گے، اس کو نہیں مانیں گے (۲۰۱)
فَيَأْتِيَهُمْ بَغْتَةً وَهُمْ لَا يَشْعُرُونَ ٢٠٢
وہ ان پر ناگہاں آ واقع ہوگا اور انہیں خبر بھی نہ ہوگی (۲۰۲)
فَيَقُولُوا هَلْ نَحْنُ مُنْظَرُونَ ٢٠٣
اس وقت کہیں گے کیا ہمیں ملہت ملے گی؟ (۲۰۳)
أَفَبِعَذَابِنَا يَسْتَعْجِلُونَ ٢٠٤
تو کیا یہ ہمارے عذاب کو جلدی طلب کر رہے ہیں (۲۰۴)
أَفَرَأَيْتَ إِنْ مَتَّعْنَاهُمْ سِنِينَ ٢٠٥
بھلا دیکھو تو اگر ہم ان کو برسوں فائدے دیتے رہے (۲۰۵)
ثُمَّ جَاءَهُمْ مَا كَانُوا يُوعَدُونَ ٢٠٦
پھر ان پر وہ (عذاب) آ واقع ہو جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا ہے (۲۰۶)
مَا أَغْنَىٰ عَنْهُمْ مَا كَانُوا يُمَتَّعُونَ ٢٠٧
تو جو فائدے یہ اٹھاتے رہے ان کے کس کام آئیں گے (۲۰۷)
وَمَا أَهْلَكْنَا مِنْ قَرْيَةٍ إِلَّا لَهَا مُنْذِرُونَ ٢٠٨
اور ہم نے کوئی بستی ہلاک نہیں کی مگر اس کے لئے نصیحت کرنے والے (پہلے بھیج دیتے) تھے (۲۰۸)
ذِكْرَىٰ وَمَا كُنَّا ظَالِمِينَ ٢٠٩
نصیحت کردیں اور ہم ظالم نہیں ہیں (۲۰۹)
وَمَا تَنَزَّلَتْ بِهِ الشَّيَاطِينُ ٢١٠
اور اس (قرآن) کو شیطان لے کر نازل نہیں ہوئے (۲۱۰)
وَمَا يَنْبَغِي لَهُمْ وَمَا يَسْتَطِيعُونَ ٢١١
یہ کام نہ تو ان کو سزاوار ہے اور نہ وہ اس کی طاقت رکھتے ہیں (۲۱۱)
إِنَّهُمْ عَنِ السَّمْعِ لَمَعْزُولُونَ ٢١٢
وہ (آسمانی باتوں) کے سننے (کے مقامات) سے الگ کر دیئے گئے ہیں (۲۱۲)
فَلَا تَدْعُ مَعَ اللَّهِ إِلَٰهًا آخَرَ فَتَكُونَ مِنَ الْمُعَذَّبِينَ ٢١٣
تو خدا کے سوا کسی اور معبود کو مت پکارنا، ورنہ تم کو عذاب دیا جائے گا (۲۱۳)
وَأَنْذِرْ عَشِيرَتَكَ الْأَقْرَبِينَ ٢١٤
اور اپنے قریب کے رشتہ داروں کو ڈر سنا دو (۲۱۴)
وَاخْفِضْ جَنَاحَكَ لِمَنِ اتَّبَعَكَ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ ٢١٥
اور جو مومن تمہارے پیرو ہوگئے ہیں ان سے متواضع پیش آؤ (۲۱۵)
فَإِنْ عَصَوْكَ فَقُلْ إِنِّي بَرِيءٌ مِمَّا تَعْمَلُونَ ٢١٦
پھر اگر لوگ تمہاری نافرمانی کریں تو کہہ دو کہ میں تمہارے اعمال سے بےتعلق ہوں (۲۱۶)
وَتَوَكَّلْ عَلَى الْعَزِيزِ الرَّحِيمِ ٢١٧
اور (خدائے) غالب اور مہربان پر بھروسا رکھو (۲۱۷)
الَّذِي يَرَاكَ حِينَ تَقُومُ ٢١٨
جو تم کو جب تم (تہجد) کے وقت اُٹھتے ہو دیکھتا ہے (۲۱۸)
وَتَقَلُّبَكَ فِي السَّاجِدِينَ ٢١٩
اور نمازیوں میں تمہارے پھرنے کو بھی (۲۱۹)
إِنَّهُ هُوَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ ٢٢٠
بےشک وہ سننے اور جاننے والا ہے (۲۲۰)
هَلْ أُنَبِّئُكُمْ عَلَىٰ مَنْ تَنَزَّلُ الشَّيَاطِينُ ٢٢١
(اچھا) میں تمیں بتاؤں کہ شیطان کس پر اُترتے ہیں (۲۲۱)
تَنَزَّلُ عَلَىٰ كُلِّ أَفَّاكٍ أَثِيمٍ ٢٢٢
ہر جھوٹے گنہگار پر اُترتے ہیں (۲۲۲)
يُلْقُونَ السَّمْعَ وَأَكْثَرُهُمْ كَاذِبُونَ ٢٢٣
جو سنی ہوئی بات (اس کے کام میں) لا ڈالتے ہیں اور وہ اکثر جھوٹے ہیں (۲۲۳)
وَالشُّعَرَاءُ يَتَّبِعُهُمُ الْغَاوُونَ ٢٢٤
اور شاعروں کی پیروی گمراہ لوگ کیا کرتے ہیں (۲۲۴)
أَلَمْ تَرَ أَنَّهُمْ فِي كُلِّ وَادٍ يَهِيمُونَ ٢٢٥
کیا تم نے نہیں دیکھا کہ وہ ہر وادی میں سر مارتے پھرتے ہیں (۲۲۵)
وَأَنَّهُمْ يَقُولُونَ مَا لَا يَفْعَلُونَ ٢٢٦
اور کہتے وہ ہیں جو کرتے نہیں (۲۲۶)
إِلَّا الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ وَذَكَرُوا اللَّهَ كَثِيرًا وَانْتَصَرُوا مِنْ بَعْدِ مَا ظُلِمُوا ۗ وَسَيَعْلَمُ الَّذِينَ ظَلَمُوا أَيَّ مُنْقَلَبٍ يَنْقَلِبُونَ ٢٢٧
مگر جو لوگ ایمان لائے اور نیک کام کئے اور خدا کو بہت یاد کرتے رہے اور اپنے اوپر ظلم ہونے کے بعد انتقام لیا اور ظالم عنقریب جان لیں گے کہ کون سی جگہ لوٹ کر جاتے ہیں (۲۲۷)